نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کابل پہنچ گئےہیں، وزیر ریلوے اور نمائندہ خصوصی برائے افغانستان بھی ان کے ہمراہ ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار ازبکستان ، افغانستان ، پاکستان ریلوے پراجیکٹ کے لئے کابل کا دورہ کر رہے ہیں، دورے کے دوران ریل منصوبے کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی کے سہ فریقی فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے جائیں گے ۔
سہہ ملکی ریلوے منصوبے کا مقصد ازبکستان کو افغانستان کے راستے پاکستان سے ریلوے کے ذریعے منسلک کرنا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق اس منصوبے سے وسط ایشیائی ممالک کو پاکستان کی بندرگاہوں تک رسائی حاصل ہوگی۔یہ سہہ ملکی منصوبہ علاقائی تجارت، ٹرانزٹ سہولیات اور ترقی کا نیا باب کھولے گا۔
ریلوے لنک سے نہ صرف اقتصادی روابط بڑھیں گے بلکہ علاقائی امن و سلامتی کو بھی فروغ ملے گا۔اسحاق ڈار کابل میں افغان عبوری وزیر خارجہ اور عبوری وزیراعظم سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی استحکام پر تبادلہ خیال ہوگا۔






















