چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے 98 ویں یوم تاسیس کی یادگاری تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق تقریب میں سویلین اور فوجی حکام، میڈیا نمائندوں، کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین بھی شریک ہوئے۔
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے چین کے عوام، اس کی عسکری قیادت اور پی ایل اے کے تمام رینکس کو دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے صدر شی جن پنگ کی دور اندیش قیادت کی تعریف کی جس نے چین کو امن، استحکام اور خوشحالی کا اہم ستون بنایا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایل اے نے چین کی ترقی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
جنرل ساحر نے پاکستان اور چین کے درمیان پائیدار اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے "آل ویدر فرینڈشپ" پر روشنی ڈالی اور چین کے ساتھ سی پیک، دفاعی تعاون اور خطائی استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔






















