نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں آسیان ریجنل فورم وزارتی اجلاس کے موقع پر روس، آسٹریلیا، کینیڈا اور لاؤس کے وزرائے خارجہ سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کیں جن میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، سیاحت اور عوامی رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
روسی وزیر خارجہ سے ملاقات
اسحاق ڈار نے روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم کی وزراء کونسل کے اجلاس میں دوبارہ ملاقات پر اتفاق کیا۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ سے بات چیت
آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وانگ سے ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن اور کرکٹ دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ ملاقات نتیجہ خیز اور دور رس نتائج کی حامل رہی۔
کینیڈین وزیر خارجہ سے ملاقات
کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند سے ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
لاؤس کے وزیر خارجہ سے ملاقات
لاؤس کے وزیر خارجہ تھونگ ساوانا سے ملاقات میں کثیر الجہتی اور دوطرفہ رابطوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔






















