لاہور میں کم عمر ڈرائیور کا ایڈونچر افسوسناک حادثے کا سبب بن گیا۔
لاہور میں 14 سالہ لڑکے نے دو بھائیوں سمیت 3 افراد کچل دیئے ۔ ایک جاں بحق دو زخمی ہوگئے۔ حادثہ رات گئے شاہدرہ ٹاؤن میں پیش آیا، جہاں 14 سال کا حاشر گاڑی لے کرسڑک پر آگیا مگر گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، موٹرسائیکل سوار امین اور فرید کو روند دیا۔ ڈیڑھ سال کی بچی کا باپ امین موقع پرہی جاں سے گیا۔
ورثا میت لینے کیلئے تھانہ شاہدرہ ٹاؤن میں پریشان پھرتے رہے، ان کا کہنا ہے انویسٹی گیشن پولیس تعاون نہیں کررہی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا تاہم متاثرہ خاندان نے الزام لگایا پولیس نےعجلت میں مقدمہ درج کیا۔ ورثا کہتےہیں مقدمہ میں قتل کی دفعات شامل کی جائیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گرفتار ہے، گاڑی کا مالک بچے کا والد نہیں مالک مکان ہے، جسے شامل تفتیش کرلیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے کم عمر ڈرائیور کی غفلت پرنوٹس لیا ۔ ایک بار پھر کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔






















