آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے ترجمان نے بتایا کہ صوبے کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے اور دریائے چناب، راوی، جہلم اور ستلج میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے جبکہ دریائے سندھ کے مقامات تربیلا، کالاباغ اور چشمہ پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارشوں کا امکان ہے اور یہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دریاؤں، ندیوں اور نالوں کو عبور کرنے سے گریز کریں اور بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے فاصلہ رکھیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حفاظتی اقدامات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔






















