قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار نے گاڑیوں کے معیار پر سوال اٹھا دیا۔
سید حفیظ الدین کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت و پیداوار کا اجلاس ہوا جس میں گاڑیوں میں سیفٹی پروسیجر اور کوالٹی کنٹرول کا خیال نہ رکھنے پر کمیٹی ارکان نے اظہار برہمی کیا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ چار، تین اور دو پہیوں والے وہیکلز کے معیار کو چیک کیا جائے گا اور کمیٹی اس مسئلے پر سخت نوٹس لے گی۔
سی ای او ای ڈی بی نے بریفنگ میں کہا کہ آٹو انڈسٹری پالیسی میں یورپین معیار کو شامل کیا تھا اور اب جو بھی گاڑیاں بن رہی ہیں ان میں معیار کا خیال رکھا جارہا ہے۔
کمیٹی رکن ناز بلوچ نے کہا کہ کیا صرف بڑی گاڑیوں میں سیفٹی پروسیجر کا خیال رکھنا کافی ہے؟ چھوٹی گاڑیوں میں بھی سیفٹی معیار کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
ناز بلوچ نے کہا کہ ان گاڑیوں کی فہرست فراہم کی جائے جو معیار پر پورا نہیں اترتیں۔
چیئرمین کمیٹی سید حفیظ الدین نے کہا کہ کار مینوفیکچررز کو یہ پیغام دے دیں کہ ان کو کمیٹی میں بلایا جائے گا اور انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کی اصل ذمہ داری ہے وہ معیار کا خیال رکھیں۔






















