پاکستان اور ایران نے اسی ہفتے خارجہ پالیسی، دفاعی اور علاقائی صورتحال کے حوالے سے براہ راست دو طرفہ مشاورت کا فیصلہ کیا ہے اور یہ مشاورت آذربائیجان میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ہوگی۔
ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایرانی وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات جمعہ کے روز متوقع ہے۔
پاکستانی وفد جمعرات کو آذربائیجان پہنچے گا جہاں وہ شوشا شہر میں منعقد ہونے والے ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کرے گا۔
شوشا، کاراباخ کا اہم علاقہ ہے جو حالیہ جنگ کے بعد آرمینیا سے آزاد کرایا گیا۔
اسحاق ڈار ترک وزیر خارجہ حقان فدان، قازقستان، ازبکستان اور دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
پاکستانی وفد کی ترک صدر رجب طیب اردوان، آذربائیجان کے صدر اور دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں۔






















