وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات کی پیشکش پر پی ٹی آئی نے مثبت اشارہ دیا ہے۔
معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ مذاکرات ایک سنجیدہ معاملہ ہے اور پارٹی مشاورت کے بعد ہی اس پر ردعمل دے گی۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اچانک مذاکرات کی بات کی ہے جس پر فوری ردعمل دینا ممکن نہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں بیرسٹر گوہر اور اسد قیصر سے ملاقات کر کے مذاکرات کی پیشکش کی تھی۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ مل بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے ہی معاملات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ بیرسٹر گوہر نے اس پیشکش پر مسکراتے ہوئے صرف "ان شاءاللہ" کہا۔
رانا ثناء کی پیشکش پر ردعمل
اسد قیصر نے سماء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کے مذاکرات کے حوالے سے بیان کو غیرسنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف ہم پر چھاپے مارے جارہے ہیں اور دوسری طرف مذاکرات کی بات کرنا سمجھ سے باہر ہے۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ علیمہ خان بانی پی ٹی آئی کی بہن ہیں اور بہنوں کے دل نازک ہوتے ہیں جبکہ وہ تمام چیزوں کو اسی انداز میں دیکھتی ہیں کیونکہ وہ سیاستدان نہیں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے اندر دراڑ کا بیانیہ مخالفین کا ہے تاکہ ہماری طاقت کو کمزوری میں تبدیل کیا جائے۔






















