پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ صیہونی جارحیت پر ایران کیساتھ مکمل یکجہتی اورحمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان سے اظہار تشکر کیلئے خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کی حمایت اور بھائی چارے کو ایرانی قوم کبھی نہیں بھولے گی اور یہ تاریخی فتح امت مسلمہ کیلئے فخراور قوت کے ساتھ ساتھ حق کی جیت کی علامت ہے۔
رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں کہا ایران نے جارح دشمن اورطاقتور دشمن کو جنگ بندی پرمجبور کیا اور ان تاریخی اور یاد گار لمحات ہیں جب ایرانی قوم عظیم فتح کا جشن منا رہی ہے جبکہ پاکستانی حکومت اورعوام کا تہہ دل سے شکریہ جو ہمارے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف عاصم منیر کا خصوصی شکریہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے بھی شکر گزار ہیں جبکہ حمایت پر پاکستانی پارلیمان، علما، سیاسی جماعتیں اور میڈیا بھی قابلِ تحسین ہیں۔
رضا امیری مقدم نے اقوام متحدہ اور او آئی سی سمیت ہر بین الاقوامی فورم میں مسلسل حمایت پر پاکستانی وزارت خارجہ کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
انہوں نے مزید کہا ایران و پاکستان کے عوام اور حکومتوں کے درمیان یکجہتی تاریخی اورلازوال ہے۔






















