وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی جس میں امریکا اور یورپ میں سفارتی وفد کی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے وفد کو بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔
ملاقات میں بلاول بھٹو نے سفارتی وفد کے حالیہ امریکا اور یورپ کے دورے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کی جانب سے کامیاب سفارتی دورہ کرنے والے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کی مؤثر ترجمانی پر تمام اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔آپ نے پاکستان کا مقدمہ قومی جذبے سے لڑا اور کامیابی کے ساتھ واپس آئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے مؤقف کو نہایت احسن انداز میں بیان کیا۔انہوں نے کہا کہ وفد نے پہلگام واقعے سے لے کر سندھ طاس معاہدے تک ہر پہلو کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کو اپنے بلاجواز جنگی جنون کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑی۔






















