بجٹ میں ووٹ نہ دینے کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پیپلز پارٹی سے رابطہ کرلیا۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے پیپلز پارٹی کے راجا پرویز اشرف سے پارلیمنٹ ہاوس میں ملاقات کی اور بجٹ کے بائیکاٹ میں ساتھ دینے کی درخواست کی۔ راجا پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کی پیشکش بلاول بھٹو کے سامنے رکھنے کی یقین دہانی کرا دی۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بجٹ بائیکاٹ سے متعلق بیانات سنے ہیں، پیپلز پارٹی سنجیدہ ہے تو بجٹ میں ووٹنگ بائیکاٹ میں پی ٹی آئی کا ساتھ دے، جس پر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آ رہے ہیں ان سے مشاورت کروں گا۔
واضح رہے کہ 12 جون کو پریس کانفرنس کے دوران پیپلز لیبر بیورو کے انچارج چوہدری منظور احمد کا کہنا تھا امیروں نے امیروں کے بجٹ بنایا جس میں عوام کے لیے کچھ بھی نہیں۔ اشرافیہ کے ہر طبقے کا بجٹ بڑھایا۔ کیا ساری مالی مشکلات غریبوں کے لیے ہے؟ چوہدری منظور کا کہنا تھا کہ احتجاج کے لیے ملک بھر کی ٹریڈ یونینوں سے رابطے کررہے ہیں۔
چوہدری منظور نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسی کے خلاف ملک گیر احتجاج کریں گے، ہر حد تک جائیں گے،تمام ذمہ داری حکمرانوں پر عائد ہوگی، اسپیکر اور چیئرمین کی تنخواہوں میں اضافے کو مالی فحاشی کہا جارہا ہے، کابینہ،ارکان پارلیمنٹ سمیت تمام اشرافیہ کی تنخواہوں میں اضافہ مالی فحاشی ہے۔
رہنما پیپلزپارٹی نے کہا کہ ایک طرف کسان رل رہا ہے اور عالمی بینک غربت کی شرح کا رونا رو رہا ہے، 10 سال کے بعد پنشن بند کرنے کا حکومتی فیصلہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہوگا، حکومت نے ہر شعبے کی 200 فیصد سے زائد تنخواہ بڑھا دی، محنت کش کی باری آئے تو کہتے ہیں مہنگائی کی شرح کے مطابق اضافہ ہوگا۔






















