وزیراعظم شہبازشریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس دوران ایران کیخلاف اسرائیل کی بلا اشتعال اور بلا جواز جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلیفونک کال کے دوران دونوں رہنماوں نے اتفاق کیا کہ اسرائیل نے ایران کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کی ، اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور اسرائیلی حملوں سےعلاقائی ، عالمی امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
دونوں رہنماؤں نےفلسطینی عوام کیخلاف اسرائیل کی وحشیانہ فوجی جارحیت کی بھی مذمت کی اور اتفاق کیا کہ موجودہ صورتحال میں عالمی برادری اور اقوام متحدہ کو اجتماعی طور پر کام کرنا چاہیے۔ دونوں سربراہان مملکت نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل اپنے جارحانہ انداز اور غیر قانونی اقدامات کو فوری طور پر بند کرے۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی امن،سلامتی اور استحکام برقرار رکھنے کیلئے پختہ اور غیر متزلزل عزم کا عادہ کیا ۔ شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان عالمی فورمز میں بھی امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہے گا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار استنبول میں ہونے والےاوآئی سی اجلاس میں نمائندگی کریں گے۔
شہبازشریف نے صدر ایردوان کو اسلامک کوآپریشن یوتھ فورم کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد بھی دی ۔دونوں رہنماؤں نے موجودہ علاقائی صورتحال پر قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔






















