بھارت میں طیارہ حادثے پر برطانیہ کا پہلا ردعمل آگیا۔ وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا کہنا ہے کہ طیارہ حادثے کی خبریں دلخراش ہیں۔
بھارت کے شہر احمد آباد میں ایئر انڈیا کا طیارہ ٹیک آف کرنے کے کچھ ہی دیر بعد آبادی پر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں کم از کم 133 افراد ہلاک ہوگئے، طیارے میں عملے سمیت 242 افراد سوار تھے، واقعے میں میڈیکل طلبہ کے ہاسٹل کو بھی شدید نقصان پہنچا، جہاں 5 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہیں۔
بھارتی طیارے کے حادثے پر برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں طیارہ حادثے کی خبریں دلخراش ہیں، میری دعائیں اور ہمدردیاں مسافروں اور اُن کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ میں صورتحال کے بارے میں مسلسل اپڈیٹ حاصل کر رہا ہوں۔
واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا طیارہ لندن جارہا تھا، جس میں 50 سے زائد برطانوی شہری بھی سوار تھے۔





















