عیدالاضحیٰ کے پہلے روز لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے صوبائی دارالحکومت میں صفائی آپریشن جاری رکھا تاہم، شہر کے کچھ علاقوں سے آلائشوں کے ٹھکانے نہ لگانے کی شکایات موصول ہوئیں۔
عیدالاضحیٰ کے پہلے روز ایل ڈبلیو ایم سی کے اہلکار قربانی کے جانوروں کی باقیات اور آلائشوں کو ٹھکانے لگانے میں مصروف رہے جبکہ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین خود فیلڈ میں موجود رہے اور ورکرز کی رہنمائی کرتے رہے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ صوبے بھر میں صفائی کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کنٹرول روم سے خود اس عمل کی نگرانی کر رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ہٹانے کے لیے ایک لاکھ سے زائد ویسٹ مینجمنٹ عملہ دن رات کام کر رہا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پنجاب کی خوبصورتی برقرار رکھنے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔
حکام نے بتایا کہ عید کے تینوں روز صفائی آپریشن جاری رہے گا اور لاہور سمیت صوبے کے شہروں، دیہات اور قصبوں کو زیرو ویسٹ بنایا جائے گا۔






















