صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے قوم اور عالم اسلام کو عید کی دلی مبارکباد پیش کی گئی۔
اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ یہ دن ہمارے ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسر نو زندہ کرنے کا دن ہے، ہمیں بطورقوم ایک دوسرے کا سہارا بن کر پاکستان کو ایک عظیم اور خوشحال ملک بنانا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ عیدالاضحٰی ہمارے ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کے جذبے کو ازسرِ نو زندہ کرنے کا دن ہے، دعا ہے کہ اللہ اس دن کو ہمارے ملک اور پوری امت مسلمہ کیلئے خیرو برکت، اتحاد اور خوشحالی کا ذریعہ بنائے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی اطاعت میں ہی ہماری انفرادی اور اجتماعی کامیابی مضمر ہے، حضرت ابراہیم کے ایثار و قربانی سے سبق سیکھنے اور اسے اپنی زندگیوں میں لانےکی ضرورت ہے، آج ہمیں معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کا پیغام صرف جانور کی قربانی تک محدود نہیں، یہ اپنے نفس، خواہشات اور مفادات کو اعلیٰ مقاصد کیلئے قربان کرنے کا درس دیتا ہے، پاکستان ترقی کی راہ پرگامزن ہے، قربانی اور اتحاد کے جذبے کی ضرورت ہے، قربانی کا جذبہ ہی پاکستان کی تقدیر بدل سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آج کے دن فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو ایک بے رحمی، غیرانسانی مظالم اور بھوک کا شکار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ عید کا دن خوشی کا دن ہے، نفرتیں ختم کر کے محبتیں بانٹیں، قربانی صرف جانور ذبح کرنے کا نام نہیں اپنے مفادات کی قربانی ہی اصل قربانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قوم نے جس طرح آپریشن معرکۂ حق میں مثالی اتحاد اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ قابل تحسین ہے، 10 مئی کو قوم نے جس سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہو کر یکجہتی دکھائی، وہ ہماری تاریخ کا روشن باب ہے۔





















