ملک بھرکے بیشتر علاقے آج شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سندھ اور بلوچستان میں گردآلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی بارش کا امکان نہیں۔ ملک کے میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم رہنے کا امکان ہے تاہم کوہستان اور سوات میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنو بی اضلاع میں شدید گرم رہنے کی توقع ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہنے کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہری بلاوجہ گھروں سے نہ نکلیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔
قبل ازیں محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران ملک میں شدید گرمی کا الرٹ جاری کردیا تھا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 12 جون تک بالائی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری تک زیادہ رہے گا ۔ جنوبی علاقوں کا درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
الرٹ میں کہا گیا ہے کہ شہری دھوپ میں نکلنے سے اجتناب کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں، بچے، خواتین اور بزرگ دن کو دھوپ میں نکنے سے احتیاط کریں۔






















