قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمرایوب نے چیف الیکشن کمشنر سمیت الیکشن کمیشن کے دو مبران کی تعیناتی کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کوخط لکھ کر پارلیمانی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کردی ہے۔
اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی کو آئین کے آرٹیکل 213 ٹو بی کے تحت کمیٹی کے قیام کےلیے خط بھیج دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی مدت مکمل ہوئے کافی وقت گزر چکا، تقرری کا عمل تیز کیا جائے۔
عمرایوب نے لکھا کہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 4 اور سینیٹ کے 2 ارکان نامزد کیے گئے، نامزدگیوں میں اسد قیصر، گوہر علی خان، صاحبزادہ حامد رضا، لطیف کھوسہ شامل ہیں۔ سینیٹ سے شبلی فراز اور علامہ راجہ ناصر کمیٹی کے لیے نامزد کیے گئے۔
اپوزیشن لیڈر عمرایوب نے اسپیکر قومی اسمبلی سے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت جلد سے جلد چیف الیکشن کمشنر اور دیگر دو ممبران کی تعیناتیوں کا فیصلہ کرے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے نئے چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کے لیے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان کو خط لکھ کر مشاورت کے لیے ملاقات کی دعوت دی ہے۔
وزیراعظم نے خط میں کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ اور دو ممبران، نثار درانی (سندھ) اور شاہ محمد جتوئی (بلوچستان) کی پانچ سالہ مدت 26 جنوری 2025 کو ختم ہوچکی ہے اور وہ آئین کے آرٹیکل 215 کے تحت عارضی طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ آئین کے آرٹیکل 218 کے تحت تقرریوں کے لیے نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جانے ہیں جس کے لیے اپوزیشن لیڈر سے بامعنی مشاورت ضروری ہے۔






















