پاکستان نے بھارت کی ہر چال ناکام بناتے ہوئے سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے پاکستان کو 2025 کے لیے انسداد دہشتگردی کمیٹی کا شریک چیئرمین مقرر کیا ہے جبکہ الجزائر اس کی صدارت کرے گا۔
اس کے ساتھ ساتھ پاکستان سلامتی کونسل کی طالبان پر پابندیوں سے متعلق کمیٹی کی بھی صدارت کرے گا جو طالبان سے وابستہ افراد اور گروہوں پر اثاثوں کی ضبطی، سفری پابندیاں، اور اسلحہ کی پابندی جیسے اقدامات کی نگرانی کرتی ہے۔
پاکستان کو اقوام متحدہ کے غیر رسمی ورکنگ گروپ برائے پابندیوں کا بھی شریک چیئرمین نامزد کیا گیا ہے جو اقوام متحدہ کے پابندیوں کے نظام کے ڈیزائن، نفاذ، اور اثرات کا جائزہ لینے اور اسے بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔
یہ تقرریاں پاکستان کی اقوام متحدہ کے نظام کے ساتھ فعال وابستگی اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں کے عالمی اعتراف کی عکاسی کرتی ہیں۔






















