اگلے مالی سال کے بجٹ میں سپارکو کے لیے 24 ارب سے زائد کا ترقیاتی بجٹ مختص کردیا گیا۔
دستاویز کے مطابق پاکستان سے پہلا انسان خلا میں بھیجنے کے منصوبے کے لئے بھی رقم رکھی جا رہی ہے ۔ ایس آئی ایف سی کیلئے بھی 50 کروڑ سے زائد رقم مختص کی جائے گی۔ اگلے مالی سال پاکستان کا مینڈ اسپیس مشن پر 60 کروڑ روپے خرچ کرنے کا پلان ہے۔
دستاویز کے مطابق ملٹی مشن کمیونیکیشن سیٹلائٹ سسٹم پر 18 ارب روپے سے زائد خرچ کئے جائیں گے ۔ پاکستان لونر ایکسپلوریشن کے نئے منصوبے کیلئے بھی 40 کروڑ روپے مختص کردیے گئے۔
ڈیب اسپیس ایسٹرونامیکل منصوبے پر ایک ارب 80 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ پاکستان آپٹیکل ریمورٹ سینسنگ سیٹلائٹ منصوبے پر ایک ارب 70 کروڑ خرچ ہوں گے ۔ نئے بجٹ میں کابینہ ڈویژن کیلئے 50 ارب 33 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے ۔ اس میں سے 50 ارب روپے ارکان پارلیمنٹ کی اسکیموں پر خرچ ہوں گے۔
اسلام آباد میں انفراسٹرکچر کی ترقی پر 13 کروڑ 42 لاکھ روپے جبکہ نیشنل آرکائیوز اسلام آباد کی بحالی و اپ گریڈیشن کیلئے 10 کروڑ روپے مختص کئے جا رہے ہیں ۔ سولر سسٹم میں بہتری اور 6 اسکواڈرن کی سیکیورٹی پر 10 کروڑ خرچ ہوں گے ۔ لاہور میں حج کمپلیکس کی تعمیر کیلئے نئے بجٹ میں 65 کروڑ روپے مختص ہوں گے۔





















