ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 80 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی۔ وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق یہ مالی پیکیج ریسورس موبلائزیشن ریفارم پروگرام کے تحت فراہم کیا جائے گا۔ اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ پاکستان نے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔
ایشیائی ترقیاتی بینک بینک نے پاکستان کیلئے ریسورس موبلائزیشن ریفارم پروگرام کے تحت 80 کروڑ ڈالر کے مالی پیکیج کی منظوری دیدی ۔ وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے ایکس پیغام میں قرض کی منظوری کی تصدیق کر دی۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن ڈاکٹر کاظم نیاز کی سربراہی میں پاکستان کی کامیاب ڈپلومیسی کی وجہ سے اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اکثریت سے پاکستان کے حق میں فیصلہ دیا۔
ذرائع کے مطابق ہمسایہ ملک بھارت نے آئی ایم ایف پروگرام کی طرح اے ڈی بی کی جانب سے پاکستان کو فنڈز کی فراہمی رکوانے کی بھی کوشش کی لیکن اس کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ قرض پروگرام کا مقصد پاکستان میں مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانا اور عوامی مالیاتی انتظام کو بہتر بنانا ہے۔
ریسورس موبلائزیشن اینڈ یوٹلائزیشن اصلاحاتی پروگرام کے زیلی پروگرام کے تحت 30 کروڑ ڈالر اور اےڈی بی کی 50 کروڑ ڈالر تک کی پالیسی پر مبنی گارنٹی شامل ہے جس سے تجارتی بینکوں سے ایک ارب ڈالر تک کی فنانسنگ کو متحرک کیا جا سکے گا۔
پاکستان کیلئے اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہےکہ پاکستان نے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے میں اہم پیش رفت کی ہے۔ یہ پروگرام مزید پالیسی اور ادارہ جارتی اصلاحات کیلئے حکومت کے عزم کی حمایت کرتا ہے۔ جو عوامی مالیات کو مضبوط اور پائیدار ترقی کو فروغ دے گا۔





















