وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ہم نے ہم نے احتجاج کی اجازت دی، کل شیلنگ میرے احکامات سے نہیں ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم جماعتوں کو صوبے میں احتجاج کی اجازت دی، احتجاج کےساتھ ان کوسیکیورٹی بھی دی، شیلنگ ریڈزون کے ایس اوپی کے مطابق ہوئی، کل شیلنگ میرے احکامات سے نہیں ہوئی۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مینڈیٹ چوری کرکےاسمبلیوں میں بیٹھے ہیں، جن کی ایک سیٹ نہیں، صوبے میں وہ احتجاج کررہے ہیں۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ ہمارے تو ملک کا بجٹ ہی قرضوں کے سود سے شروع ہوتاہے، آئی ایم ایف نے ہماری تعریف کی،مطلب ہم نے ٹارگٹ حاصل کیے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدلیہ پر ڈاکہ ڈالا گیا اور پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا۔۔ نظام چلانے والے کھلواڑ کر رہے ہیں۔ کہا کہ ججز پر دباؤ ہے لیکن ہم ان کے ساتھ ہیں۔ انصاف پر مبنی فیصلے کریں۔ ایک سوال پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے جواب دیا کہ ہماری تحریک جاری ہے مگر آئندہ کا لائحہ عمل وقت سے پہلے نہیں بتا سکتے۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے کرپشن اور لاقانونیت سے تنگ عوام پر تشدد قابل مذمت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پرامن احتجاج سے گھبرا کر خیبرپختونخوا حکومت نے آنسوگیس کی شیلنگ کی، صوبائی حکومت کو عوام سے براہِ راست ٹکراؤ کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کرپشن اور لاقانونیت سے تنگ عوام پر تشدد قابل مذمت ہے، صوبہ بچاؤ تحریک کا دائرہ خیبرپختونخوا کے گلی کوچے تک پھیلے گا، پی ٹی آئی کی غنڈہ سرکار ہمیں نہیں روک سکے گی۔






















