وفاقی دارالحکومت کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ساڑھے 7 ارب روپے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا۔
اب اسلام آباد آنے والا کوئی بھی مجرم سیف سٹی کے کیمروں سے بچ نہیں پائے گا، ساڑھے سات ارب روپے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا، کیمروں کی کوریج 35 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کرنے کا پلان ہے، تمام کیمرے چہرے شناخت کرنے والی اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے۔
منصوبے کے تحت سیف سٹی اسلام آباد کو اے آئی ٹیکنالوجی سے لیس 3200 جدید کیمرے دیئے جائیں گے، سیف سٹی کے تمام کیمروں میں چہرے شناخت کرنے کا خصوصی فیچر شامل ہوگا۔
اس وقت 2758 کیمروں میں سے صرف 700 ہی چہرے شناخت کرنے کے قابل ہیں، نئے کیمروں کی مدد سے ٹریفک کی 17 خلاف ورزیوں پر ای چالان بھی جاری ہوں گے۔






















