فیلڈ مارشل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سلامتی اور مشرقی بارڈر پرسیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فورم نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جبکہ بھارت کی اشتعال انگیزکارروائیوں کی سخت مذمت کی،انہیں مقامی سطح پر فطری ردعمل کےجنم کا شاخسانہ قرار دیا۔ بنیان مرصوص اور خضدار میں دہشتگرد حملے کے شہداء کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔بلوچستان اور کے پی میں ہندوستانی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈر کانفرنس کے شرکاء کا کہناتھا کہ یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعے کی گئی، دہشتگردی کے نتیجے میں 4معصوم بچے اور 2 بے گناہ افراد شہید ہوئے۔ فورم نے نہتے شہریوں بالخصوص معصوم بچوں کو دانستہ نشانہ بنانے کو قابلِ مذمت قراردیا اور معرکہ حق کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ فورم نے اعادہ کیا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائےگا،عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گا۔
کانفرنس میں فیلڈ مارشل کی اسٹریٹجک وژن، غیر متزلزل قیادت اورقومی دفاع کیلئے گراں قدر خدمات کا بھی اعتراف کیا گیا اور فورم نے آرمی چیف کو فیلڈ مارشل کا اعزازملنے پر مبارکباد پیش کی۔
کانفرنس میں اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سیکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فورم نے 'معرکہ حق' کے اہم اور فیصلہ کن مرحلے،آپریشن 'بنیان مرصوص' کی کامیاب تکمیل ، مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت، باہمی ہم آہنگی، بلند حوصلے اورقوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔
فورم نے پاکستانی میڈیا اور"انفارمیشن وارئیرز"کو سراہا جو بھارتی پروپیگنڈے کیخلاف ریاست کے ساتھ کھڑے رہے۔ شرکاء کا کہناتھا کہ پاکستانی میڈیا نے حقائق اور اعداد و شمار کو درست طریقے سے پیش کر کے عوامی اعتماد کو فروغ دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاکستانی نوجوانوں کے جذبے اور متحرک شراکت کو تہہ دل سے سراہا، نوجوانوں کی حب الوطنی اور جوش و جذبے نے قومی روح کو اُجاگر کیا،قومی بیانیہ کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ فورم نےسیاسی قیادت کو ان کی دور اندیشی اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ قوم کی رہنمائی پر سلام پیش کیا اور بھارتی مسلح جارحیت کے خلاف کامیابی کو ان عوامل کی مرہونِ منت قرار دیا۔
فورم نے پاکستان کے مؤثر اور بروقت دفاعی رسپانس کو مثالی ، بھرپور جوابی دفاعی کارروائی کو بہترین اورواضح تزویراتی حکمت عملی کاعکاس قراردیا ۔ فورم نے ملکی خودمختاری،علاقائی سالمیت کی بقاء کیلئے کسی بیرونی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔
فورم کا کہناتھا کہ طاقت کے استعمال اور دھمکی آمیز رویئے کے ذریعے دباؤ ڈالنے کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، فورم کا قومی مفادات کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کےعزم کا اعادہ کیا ۔
کور کمانڈر کانفرنس میں بلوچستان اور کے پی میں ہندوستانی حمایت یافتہ دہشتگرد پراکسیز کی سرکوبی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ کیا گیا ۔ شرکاء نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں جارحیت کی ناکامی پربھارت بدامنی پھیلانے کے خفیہ منصوبے پر عملددرآمد کر رہا ہے،بھارت درحقیقت وہ خود دہشت گردی کا مرتکب اورعلاقائی عدم استحکام کا مرکز ہے۔
کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے پراکسیز کا استعمال بھارت کا وطیرہ رہا ہے، پاکستان کسی صورت بھی دہشتگردی کے ذریعے اپنے امن پر سمجھوتہ کرنے کی اجازت نہیں دے گا، مسلح افواج اداروں کے درمیان ہم آہنگی کے ساتھ دہشتگرد پراکسیز اور سہولت کاروں کامقابلہ کریں گی، انتشار اور خوف کی فضا پیدا کرنے کیلئے ملک دشمن عناصر کو نیست و نابود کر دیا جائےگا، ان شاء اللہ۔
کور کمانڈر کانفرنس میں حالیہ کشیدگی کے تناظر میں علاقائی سلامتی اور مشرقی بارڈر پرسیکیورٹی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، فورم نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جبکہ بھارت کی اشتعال انگیزکارروائیوں کی سخت مذمت کی،انہیں مقامی سطح پر فطری ردعمل کےجنم کا شاخسانہ قرار دیا۔
فورم نے خطےمیں پائیدار امن کیلئے بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور مؤثر مداخلت کی ضرورت پر زور دیا اور کشمیریوں کی حقِ خودآرادیت کیلئےجاری منصفانہ جدوجہدکی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
آرمی چیف نے تمام رینکس کے بلند حوصلے،اعلیٰ آپریشنل تیاری اور قوم کی غیر متزلزل حمایت کو سراہا۔ آرمی چیف نے حالیہ کامیابیوں کو اللہ تعالیٰ کا فضل و کرم قراردیتے ہوئے درپیش سلامتی کےخطرات کےتناظر میں اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری کی ضرورت پر زوردیا۔
آرمی چیف نے اندرونی استحکام یقینی بنانے اور قومی سرحدوں کو محفوظ بنانے میں پاک فوج کے کلیدی کردار پر اظہار اعتماد کیا ۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے عوام کی غیرمتزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں، بیرونی جارحیت، دہشتگردی اورانتہا پسندی کیخلاف جدوجہدمیں عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے پر عزم ہیں۔






















