پاک بھارت سیزفائر، آئی ایم ایف کی قسط کی منظوری اور شرح سود میں کمی جیسی تین بڑی خبروں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے لیے رواں ہفتہ یادگار بنا دیا۔ اسٹاک مارکیٹ نے ریکارڈ توڑ کارکردگی دکھاتے ہوئے نئی تاریخ رقم کی۔
اس ہفتے اسٹاک مارکیٹ نے ایک دن میں 10 ہزار پوائنٹس اضافے کا تاریخی سنگ میل عبور کیا، جبکہ 100 انڈیکس ایک دن کے دوران 119,942 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر ہفتے کے اختتام پر 100 انڈیکس 119,649 پوائنٹس پر بند ہوا، اور ہفتہ وار بلند ترین سطح 120,506 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
مارکیٹ نے 12,475 پوائنٹس کی ہفتہ وار تیزی کے ساتھ نیا ریکارڈ قائم کیا، جبکہ انڈیکس میں پانچ سال بعد 11.6 فیصد کی تاریخی ہفتہ وار تیزی دیکھنے میں آئی۔
اس شاندار کارکردگی کے نتیجے میں اسٹاک مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں سوا پانچ ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، جس سے مجموعی مارکیٹ ویلیو 50 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔





















