بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیتے ہوئے افواج پاکستان کی جانب سے کامیاب ملکی دفاع پر اسلام آباد لاہور، راولپنڈی ، کراچی کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں میں یوم تشکر منایا گیا۔ تمام سرکاری، نیم سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں خصوصی تقاریب منعقد ہوئیں۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق آپریشن معرکہ حق اور آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی فتح کے موقع پر قومی سطح پر یوم تشکر منایا گیا ۔ دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا ۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم ہاؤس میں پرچم کشائی کی ۔ چالاک اور مکار دشمن کے خلاف افواج پاکستان کی تاریخی کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی ۔
اسلام آباد
وزیراعظم نے پی ایم ہاؤس میں قومی پرچم سربلند کیا اور افواج پاکستان کی تاریخی کامیابی پرقوم کومبارکباد دی ۔ وفاقی اورصوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سےدن کاآغاز کیا گیا ۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں یوم تشکر جوش و خروش سے منایا گیا، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا جبکہ پاک فوج نے اکیس توپوں کی سلامی بھی دی۔ مظفرآباد میں نجی تعلیمی اداروں کے طلبہ نے ہوم تشکر کے مناسبت سے بڑی ریلی نکالی ، ریلی کے شرکا نے نلوچی پل سے سپریم کورٹ چوک تک مارچ کیا ، مارچ کے شرکا نے عسکری قیادت کی تصاویر والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان ،پاک فوج اور کشمیر کی آزادی کے حق میں میں نعرے لگا رہے تھے۔
لاہور
وزیراعلیٰ ہاؤس لاہور میں پرچم کشائی کے موقع پرپنجاب پولیس کے چاق چوبند دستے نے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا معرکہ حق نڈر لیڈرشپ ، دلیر افواج اور متحد قوم کے غیرمتزلزل اتحاد کے نتیجے میں کامیاب ہوا ۔
مزاراقبال پر بھی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں ۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل فیاض حسین شاہ اور گورنر پنجاب نے حاضری دی ۔ پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی ۔
معرکہ حق میں فتح کے بعد ملک بھر کی طرح لاہور کے گورنمنٹ اپوا کالج برائے خواتین میں بھی یوم تشکر کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جہاں طالبات ، اساتذہ اور مہمان خصوصی ریٹائرڈ ایئر کموڈور خالد فاروق چشتی نے پاک فوج کی عظیم قربانیوں اور جرات کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔
لاڑکانہ
لاڑکانہ میں میئرانورعلی لہرکی جانب سے میونسپل کارپوریشن آفس میں یوم تشکر منایاگیا، میونسپل کارپوریشن افسران، ملازمین نےپاکستان زنده باد پاک افواج پائندہ باد کےنعرےلگائے ۔ میئر لاڑکانہ نے کہا دوران جنگ قوم کاجذبہ اورافواج پاکستان کاحوصلہ قابل دید تھا۔
گورنر ہاوس کراچی
گورنر کامران ٹیسوری نے یوم تشکر پر گورنر ہاؤس میں پرچم کشائی کی ، گورنر ہاؤس کے ملازمین اور اسکول کے بچوں نے تقریب میں شرکت کی ، تقریب میں قومی ترانہ بجایا گیا،یومِ تشکر کے حوالے سےدعائیں کی گئیں۔ گورنرسندھ نے کہا قوم کوسپہ سالارجنرل عاصم منیرکی قیادت میں معرکہِ حق میں تاریخ سازکامیابی نصیب ہوئی، یہ کامیابی قومی اتحاد،قربانی اورافواجِ پاکستان کی بے مثال حکمتِ عملی کا مظہر ہے۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
شمالی وزیرستان
معرکہ حق تاریخی فتح کی مناسبت سےشمالی وزیرستان میں یوم تشکرجوش وجذبےسےمنایاگیا۔ میران شاہ ماڈل سکول میں یوم تشکر پرپرچم کشائی کی پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا ۔پرچم کشائی کےبعد معرکہ حق کےشہداء کیلئےایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔ پرچم کشائی تقریب کےبعد بھارتی جارحیت کیخلاف تاریخی فتح پردعا کی گئی اوراللہ کاشکراداکیاگیا۔ اس موقع پر ملکی سالمیت و خود مختاری کیلئے بھی دعا کی گئی۔
راولپنڈی
راولپنڈی میں یوم تشکر کی مرکزی تقریب گورنمنٹ وقار النساء کالج راولپنڈی میں منعقد ہوئی ۔ پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ونشریات بیرسٹر دانیال چوہدری۔ سینیٹر ناصر بٹ۔ رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے ساتھ کمشنراور آر پی اور اولپنڈی نے بھی شرکت کی۔
کینٹ بورڈ۔ واسا اور راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں بھی خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن لائرز ونگ کی جانب سے جوڈیشل کمپلیکس میں تقریب ہوئی۔ جبکہ جوانان پاکستان پارٹی نے عبداللہ گل کی قیادت میں گلاس فیکٹری چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی ۔
ریلیوں اور تقاریب کے شرکا نے بھارت کے خلاف تاریخی فتح پر پاکستان کی تمام بہادر افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم اور سیاسی قیادت نے بھی مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔۔ دنیا اب نریندر مودی کو سرینڈر مودی کے نام سے پہچانتی ہے ۔
مری
مری میں پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرنے اور یوم تشکر پر تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ ملکہ کوہسارکو سبز ہلالی پرچم پرچموں اور لائٹوں سے سجا دیا گیا، سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لگا ئے گئے، پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ریلیاں نکالی گئیں ۔ریلیوں میں ضلعی انتظامیہ،طلبہ اور شہریوں کی بھر پور تعداد نے شرکت کی ۔
آئی پی پی کے رکن اسمبلی شعیب صدیقی
شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ایم پی اے شعیب صدیقی نے شہداء کی رہائش کا دورہ کیا ، جنرل سیکرٹری آئی پی پی پنجاب شعیب صدیقی نےوفاقی وزیرعبدالعلیم خان کاتعزیتی پیغام پہنچایا۔
صوبائی جنرل سیکرٹری آئی پی پی شعیب صدیقی کی شہید میجر سجاد حیدر اور نیوی کے بہادر سپوت شہید لیفٹیننٹ یاسر جعفر عباس کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کے لئے ان کی رہائش گا آمد ۔ انہوں نے شہید میجر سجاد حیدر کی والدہ و بھائی سے اظہار تعزیت کیا اور ان کے بلندی درجات کے لئے دعا و فاتحہ خوانی کی جبکہ شہید لیفٹیننٹ یاسر جعفر عباس کے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران ان کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی ۔
شعیب صدیقی نے کہا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کئے بغیر یوم تشکر کا حق ادا نہیں ہو سکتا ۔ پاک فوج کا آپریشن بنیان مرصوص معرکہ حق و باطل کی شناخت بن چکا ہے ۔ پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو زمین بوس کر کے آپریشن سندورکی مانگ اجاڑ دی ۔ آج پوری قوم مسلح افواج کی بہترین جنگی حکمت عملی اورفتح پر یوم تشکر منا رہی ہے ۔
وزیر اعلٰی بلوچستان سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے یوم تشکر کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستانی قوم کے لئے فخر کا دن ہے، پاکستان ہمیشہ پر امن رہا ہے، ہندوستان نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کرنے کی کوشش کی، سپہ سالار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، پاکستانی قوم نے ثابت کیا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں، دشمن کو ہمیشہ پیغام دینا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں۔






















