پشاور تھانہ چمکنی کی حدود مویشی منڈی کے قریب خودکش دھماکے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوئے ۔ پولیس کے مطابق گشت کے دوران پولیس موبائل نے مشکوک شخص کو روکا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔
ایس پی رورل مختیار خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تھانہ چمکنی میں ہونے والا دھماکا خود کش تھا۔ پولیس کی موبائل گشت پر تھی کہ ایک مشکوک شخص کو دیکھ کر روکاتو تلاشی کے دوران اس نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکے میں چار سے پانچ کلو بارودی مواد استعمال کیاگیا۔ دھماکے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ دو پولیس اہلکار اور تین شہری زخمی ہوئے۔ ایس پی مختیار خان کا کہناہے کہ خود کش حملہ آرو کے اعضا اکٹھے کر لیے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ایس ایچ او چمکنی کیجانب سے مقدمہ اندراج کیلئے سی ٹی ڈی کو مراسلہ ارسال کردیا گیا،خط کے متن کے مطابق مقدمہ دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا جائے۔






















