سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کی ایک ویڈیو کے بارے میں اصل حقائق نادرا ترجمان نے بتا دیئے ۔
رپورٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کی ایک ویڈیو کے بارے میں اصل حقائق بیان کرتے ہوئے ترجمان نادرا نے کہا ہے کہ نادرا موبائل رجسٹریشن وین دوردراز علاقوں کی سماجی اور سیاسی شخصیات کی درخواست پر اور شہریوں کی سہولت کے پیش نظر مختلف علاقوں میں جا کر رجسٹریشن کرتی ہیں اور شناختی کارڈ بناتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ ویڈیو چار ماہ پرانی ہے جس میں مورخہ 20 جولائی 2023 کو مقامی لوگوں کی درخواست پر کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں واقع اتحاد ٹاؤن کے خیبرچوک کے نزدیک ایک عمارت میں کھڑی نادرا موبائل رجسٹریشن وین کو دکھایا گیا ہے۔
@NadraPak condemns false propaganda using MRV Video
— NADRA (@NadraPak) November 2, 2023
A recent video circulating on social media featuring a NADRA mobile registration van (MRV) is inappropriately being used to promote false propaganda against the government’s campaign to deport illegal foreign nationals.
The… pic.twitter.com/0J5ciTTerj
ترجمان نادرا نے بتایا کہ حقیقت میں یہ دن کا وقت ہے اور خراب موسم کے پیش نظر اس گاڑی کو نزدیکی عمارت میں پارک کیا گیا۔ اس موقع پر 6 افراد کے شناختی کارڈ کی تجدید کی کارروائی مکمل کی گئی جس میں مرد اور خواتین دونوں شامل تھے۔ اس دوران گشت پر موجود پولیس عملہ وہاں پہنچ گیا اور انہوں نے نادرا عملے سے گاڑی کی موجودگی کا سبب دریافت کیا۔ نادرا عملے کے تسلی بخش جواب کے بعد پولیس اہلکار وہاں سے چلے گئے۔
نادرا کے وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ نادرا کی موبائل رجسٹریشن وین میں جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم موجود ہوتے ہیں جن کے ذریعے ان کی لوکیشن سے متعلق تمام معلومات مل جاتی ہیں جن کی روشنی میں عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نادرا ایک قومی ادارے کی حیثیت سے غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کا انخلاء یقینی بنانے کے لئے دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر اپنے قومی فرائض بھرپور طریقے سے ادا کر رہا ہے۔ تاہم بعض شرپسند عناصر حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مہم کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جو پاکستان کے قومی مفاد کے منافی ہے اور مذکورہ ویڈیو بھی اسی مذموم پروپیگنڈہ کی ایک مثال ہے۔ اس ویڈیو پر جو تبصرے کئے جا رہے ہیں وہ یکسر غلط اور حقائق کے برعکس ہیں اور انتہائی غیرذمہ دارانہ طرزعمل کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ نادرا ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے اصل حقائق کو منظر عام پر لانا اور عوام کو درست معلومات فراہم کرنا اپنا فرض سمجھتا ہے جس کے پیش نظر اصل حقائق بیان کر دئیے گئے ہیں۔