پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ کرکٹ کو سیاست سے پاک رکھنا چاہیے۔
لاہور میں کراچی کنگز کے ہاتھوں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ وہ پاکستان اور بھارت کے تناؤ سے لاعلم ہیں کیونکہ وہ سوشل میڈیا سے دور رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویرات کوہلی اور جو روٹ جیسے کھلاڑیوں سے ملاقات کرکٹ فیملی جیسا تجربہ ہوتی ہے جس میں ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔
رضوان نے تسلیم کیا کہ ملتان سلطانز پی ایس ایل سیزن 10 سے باہر ہو چکی ہے اور وہ اس ناکامی کے حقدار تھے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم نے فیلڈنگ میں مومینٹم حاصل نہیں کیا اور متعدد غلطیوں کا ارتکاب کیا، کنڈیشنز کے مطابق ٹیم کا انتخاب کیا گیا اور تمام ٹیموں نے اسپنرز پر انحصار کیا لیکن ملتان کی کارکردگی توقعات سے کم رہی۔
انہوں نے کہا کہ دباؤ سے انکار جھوٹ ہوگا، قومی ٹیم کی کپتانی اور ملتان کی کارکردگی پر لوگوں کی نظریں ہونے کی وجہ سے دباؤ ہوتا ہے لیکن اسے قبول کر کے غلطیوں کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔
رضوان نے ماڈرن ڈے کرکٹ کے تصور پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کنڈیشنز کا کردار اہم ہے، پاکستانی پچوں پر بعض اوقات ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیسٹ کرکٹ جیسا کھیل دیکھنے کو ملتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ میں دوسروں کی تقلید کی بجائے کنڈیشنز کے مطابق حکمت عملی بنانی چاہیے۔
رضوان نے لاہور قلندرز کے جوش، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مومینٹم اور کراچی کنگز و اسلام آباد یونائیٹڈ کی مضبوط ٹیموں کی تعریف کی۔
انہوں نے بابر اعظم کی پشاور زلمی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر ملتان نے کیچز نہ چھوڑے ہوتے تو ٹیم اس مشکل صورتحال سے بچ سکتی تھی۔