پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان یکم مئی کو شیڈول ہوم میچ کو ملتان کرکٹ اسٹیڈیم سے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے جس پر ملتان سلطانز کی انتظامیہ نے سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملتان سلطانز سے مشاورت کیے بغیر یکم مئی کو کراچی کنگز کے خلاف میچ لاہور منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سلطانز کے باقی تینوں ہوم میچز( یکم، 5 اور 6 مئی ) ملتان میں کھیلے جانے تھے مگر اب ایک میچ کی لاہور منتقلی کا فیصلہ بالکل غیرمنصفانہ ہے۔
ذرائع نے فرنچائز کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ یہ فیصلہ ٹیم کی پلے آف میں جگہ بنانے کی کوششوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔