صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ایسٹر کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایسٹرکے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر پر مسیحی برادری کودلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ایسٹر امید، تجدید اور زندگی کےجشن کاموقع ہے، یہ ہمیں ہمدردی، قربانی اوردرگزرکی اقدارکی یاد دلاتا ہے، آج کے دن ہم اتحاد اور ہم آہنگی کے جذبے کو مناتےہیں۔
آصف علی زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہماراآئین اقلیتوں کےحقوق کی ضمانت دیتاہے، پاکستان میں اقلیتوں کی ترقی، با اختیار بنانےکےلیےکام کرتے رہیں گے، مسیحی برادری نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بھی ایسٹرکےموقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ایسٹر کے موقع پر پاکستان اوردنیا بھر میں مقیم مسیحی برادری کومبارکباد پیش کرتاہوں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایسٹر تجدید اور امید کی علامت ہے، یہ دن ایمان کی عظمت، حضرت عیسیؑ کی حیات طیبہ اور تعلیمات کی یاددلاتاہے، حضرت عیسیؑ کی تعلیمات آج بھی انسانیت کےلیے رہنمائی کاسرچشمہ ہیں۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ایثار، درگزر اور امن جیسی آفاقی اقدار تمام مذاہب میں یکساں ہیں، یہ اقدار ثقافتوں اور اقوام کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کاسبب بنتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کےمثبت کردار کو خراج تحسین پیش کرتاہوں، مسیحی برادری کی محنت، دیانت اور خدمات ہمارے لیے قابل فخرسرمایہ ہیں۔
شہبازشریف نے مزید یہ بھی کہا کہ آج دنیا مختلف چیلنجز اور مسائل کا سامنا کررہی ہے، ایسٹر یاد دلاتاہے کہ باہمی رواداری، انسانی وقار کا احترام مشترکہ ذمہ داری ہے۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے بھی ایسٹر پر مسیحی برادری کو مبارکباد دی، اپنے خصوصی پیغام میں صدر آئی پی پی نے کہا کہ مسیحی برادری کو ایسٹر کی خوشیاں مبارک ہوں، ایسٹر محبت،امن اوربھائی چارے کا پیغام دیتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ ملکی تعمیر و ترقی میں مسیحی برادری کا کردار لائق تحسین ہے، اُن کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، ہم سب مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار منارہی ہے۔ ویٹی کن میں مرکزی تقریب کا آغاز ہوگیا۔ پوپ فرانسس دعا کرائیں گے۔ مختلف ممالک میں ایسٹر کے سلسلے میں ریلیاں نکالی گئیں اور دعائیہ تقریبات میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ روسی صدر نے ایسٹر پر روس یوکرین جنگ میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا، کہا روس 21 اپریل رات 12 بجے تک جنگ بندی پر عمل کرے گا۔






















