کراچی کنگز نے پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 56 رنز سے شکست دیتے ہوئے بڑی کامیابی سمیٹ لی ۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کراچی کنگز کی جانب سے دیئے گئے 176 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں سعود شکیل 33 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے جبکہ محمد عامر نے 30 رنز بنائے ان کے علاوہ کوشل مینڈس 12 سکور بنانے میں کامیاب ہوئے ۔کوئٹہ کی جانب سے کوئی بھی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے تین، محمد نبی اور عباس آفریدی نے 2 ، 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا ۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے جس میں جیمز ونس 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ ڈیوڈ وارنر نے 31 ، ٹم سیفرٹ نے 27، محمد نبی نے 18 اور عرفان خان نے 17 رنز بنائے ۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر اور علی ماجد نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ شان ایبٹ ، ابرار احمد اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ لی ۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچ دیکھنے میں تھوڑی خشک لگ رہی ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بڑا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، پچھلے میچ میں اوس زیادہ نہیں پڑی، جس وجہ سے پہلے بیٹنگ کررہے ہیں، جبکہ کوئٹہ کے کپتان کا کہناتھا کہ اگر ہم بھی ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کر تے، ٹیم میں اپنا رائٹ کمبی نیشن تلاش کررہا ہوں، کوئٹہ کی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں۔