ممبئی میں انڈر 19 کرکٹ میچ کے دوران امپائرنگ کرتے ہوئے انتقال کر گیا۔
ممبئی میں انڈر 19 کرکٹ میچ کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جس نے مقامی کرکٹ برادری کو غم میں مبتلا کر دیا۔
ممبئی میں بھاما کپ انڈر19 ٹورنامنٹ میں سندر کرکٹ کلب گراؤنڈ پر کے آر پی الیون سی سی اور کریسنٹ سی سی کے درمیان میچ کھیلا جارہا تھا، ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن کے 60 سالہ امپائر پرساد مالگونکر اچانک اس وقت گرپڑے جب وہ لیگ امپائرنگ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔
مڈ ڈے کے مطابق مالگونکر 11ویں اوور کی امپائرنگ کیلئے اسکوائر لیگ پر موجود تھے، جیسے ہی اوور کی دوسری گیند مکمل ہوئی وہ زمین پر گر پڑے اور سانس لینے میں دشواری محسوس کرنے لگے، فوری طور پر انہیں بمبئی کے اسپتال لے جایا گیا مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق ساتھی امپائر پرتھمیش انگنے کے مطابق میچ سے قبل مالگونکر نے معدے میں تیزابیت کی شکایت کی تھی، جس پر انہیں آرام کرنے کا مشورہ بھی دیا لیکن وہ اصرار کرتے رہے کہ وہ ٹھیک ہیں اور امپائرنگ کرسکتے ہیں، ابتدائی 10 اوورز تک وہ بہتر محسوس کررہے تھے لیکن 10.2 اوورز کے بعد اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی۔
ممبئی اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کے ایک ڈاکٹر نے میڈیا کو بتایا کہ جب مالگونکر کو لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر اور آکسیجن لیول صفر تھا، ای سی جی میں کوئی حرکت نہیں تھی اور ان کی آنکھوں کی پتلیاں پھیل چکی تھیں، جس کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔