امریکی ڈیموکریٹ رکن شاہد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کا تعلق ہمیشہ سے ہے اور رہے گا ،امریکا کے لیے پاکستان بہت اہم ملک ہے، پاکستانی معاملات میں کسی جگہ بھی کوئی مداخلت نہیں ہوئی۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں امریکی ڈیموکریٹ رکن شاہد خان، پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے رہنما شرجیل خان ، پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما بیرسٹر عمیر نیازی اور وفاقی وزیر مصدق ملک نے شرکت کی اور اہم معاملات پر گفتگو کی۔
شرجیل میمن
پی پی رہنما شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو امریکا کی طرف سے بڑے سے بھی بڑا تھریٹ تھا اور انہوں نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا وہ بھی لوگوں کو پسند نہ تھا، مجھے لگتا ہے بھٹو حکومت گرانے اور انہیں پھانسی دینے میں امریکا کا ہاتھ تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر سائفر ٹھیک تھا تو اس ملک کے سفیر کو دفترخارجہ بلا کر احتجاج کرتے، اگر سائفر ٹھیک تھا تو امریکا کے لابسٹ کیوں ہائیرکئے گئے اور امریکا میں رجیم چینج ہوئی تو پی ٹی آئی والے خوش ہو رہے تھے۔
بیرسٹرعمیرنیازی
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر عمیر نیازی کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد اور عاطف خان کو انفرادی طور پر دعوت نامہ آیا اور عاطف خان نے کہا 3 سینیٹرز نے تقاریر کی اور نشست برخاست ہوئی جبکہ گفت و شیند والا ایسا کوئی معاملہ نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے چائے کے دعوت نامہ کا میسج عامر ڈوگر کو کیا تھا۔
مصدق ملک
وفاقی وزیر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے آئی ایم ایف پروگرام سے پہلے احتجاج کیا جاتا ہے، امریکا کے ساتھ سائفر نکال کر ایک ٹھٹھہ لگایا گیا، مشرق وسطیٰ کے دوست ممالک کے ساتھ جو سلوک کیا سب کے سامنے ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈیوڈ فینٹن 30 سال سے پاکستانی نیو کلیئر پروگرام کے خلاف مہم چلا رہا ہے، اسے ڈالر دے کر پاکستان کے خلاف مہم کیلئے ہائر کیا گیا، پی ٹی آئی نے ڈیوڈ فینٹن کو بطور لابسٹ ہائیر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے بڑا کرم کیا آئی ایم ایف پروگرام ہوا اور پاکستان تباہی سے بچ گیا۔
شاہد خان
امریکی ڈیموکریٹ رکن شاہد خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کا تعلق ہمیشہ سے ہے اور رہے گا ،امریکا کے لیے پاکستان بہت اہم ملک ہے، پاکستانی معاملات میں کسی جگہ بھی کوئی مداخلت نہیں ہوئی۔