سہ ملکی بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ کے پہلے میچ میں بھارتی ایس جی پی سی ٹائیگرز نے لائنز آف تبریز ایران کو شکست دیدی۔
بابا گرونانک انٹرنیشنل کبڈی کپ کا لاہور میں شاندار آغاز ہوگیا ہے اور ایونٹ کے افتتاحی میچ میں بھارتی ایس جی پی سی ٹائیگرز اور لائنز آف تبریز ایران کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
ایس جی پی سی بھارتی ٹائیگرز نے لائنز آف تبریز کلب ایران کو 34 کے مقابلے میں 38 پوائنٹس سے شکست دے کر کامیابی سمیٹی۔
ایونٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کا کہنا تھا کہ کبڈی کو انڈوومنٹ فنڈ میں شامل کریں گے اور جیتنے والے کھلاڑیوں کو وظیفے دئیے جائیں گے۔
وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ پاکستان کبڈی ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور بہت جلد کبڈی ورلڈ کپ کا انعقاد کرائیں گے۔
فیصل ایوب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب خواہاں ہیں کہ کھیلوں کے میدان آباد ہوں، خوشی ہے کہ پنجاب کی عوام نے کھیلوں کے میدانوں کو آباد کیا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کبڈی پاکستان کی ثقافتی پہچان ہے، کبڈی نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے کا بہترین ذریعہ ہے اور پنجاب حکومت کبڈی کے مزید قومی و عالمی ایونٹس کے انعقاد کے لیے پُرعزم ہے۔
اس موقع پر سیکرٹری فیڈریشن کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ٹیموں کو حکومت کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے اور چوہدری شافع حسین کی کوششوں سے سہ ملکی کبڈی سیریز ممکن ہوئی۔
یاد رہے کہ کل پاکستان ایگلز کلب کا مقابلہ بھارتی اور ایرانی کلبز سے ہوگا۔