وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
صوبائی کابینہ نے کراچی بورڈ کے فرسٹ ایئر طلبہ کو کیمسٹری، فزکس اور ریاضی کے مضامین میں 20 فیصد اضافی نمبرز دینے کی منظوری دی۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کو تعلیمی بورڈز میں اصلاحات لانے کی ہدایت کی اور چیف سیکریٹری کو ہدایت دی کہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے اور رپورٹ پیش کی جائے۔
صوبے بھر میں پلاسٹک بیگز کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔
کابینہ نے عادی مجرموں اور اسٹریٹ کرمنلز کو الیکٹرانک کڑا پہنانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں ہیبچوئل آفنڈرز مانیٹرنگ رولز 2025 کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے سینٹر فار ایکسلنس آف کاؤنٹرنگ وائیلنٹ ایکسٹریمسٹ ایکٹ 2025 کی بھی منظوری دی جس کے تحت سینٹر آن لائن انتہا پسندی اور سائبر پروپیگنڈے کے خلاف معلومات اکٹھا کرے گا اور معلومات کے تبادلے کا نظام وضع کرے گا۔
کابینہ نے کیڈٹ کالج پٹارو کے لیے 200 ملین روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔