سعودی عرب میں حج سیزن کی تیاریوں کا آغاز کردیا گیا۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں داخلے کے لیے تیئس اپریل سے پرمٹ کی شرط پرعمل درآمد ہو گا۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق مملکت میں عمرہ ویزے پر موجود غیرملکی 29 اپریل تک اپنے ملکوں کو لوٹ جائیں بصورت دیگر اسے خلاف ورزی شمار کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق 23 اپریل کے بعد سے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں مقیم غیرملکیوں کو مکہ جانے کے لیے پرمٹ درکار ہوگا۔ پرمٹ کے بغیر انہیں شمیسی یا دیگر چیک پوسٹ سے لوٹا دیا جائے گا۔جن کے اقامے مکہ شہر سے جاری ہوئے ہیں انہیں پرمٹ سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
ایسے غیرملکی جنہیں کام کی غرض سے مکہ یا مشاعر مقدسہ جانا ہوتا ہے ۔انہیں کام کی نوعیت کے اعتبار سے ’ابشر‘ یا ’مقیم‘ پورٹل سے پرمٹ جاری کرانا ہوگا۔
خلیج تعاون کونسل کے شہری یا مملکت میں دیگر ویزوں پر مقیم ہیں ان غیرملکیوں کے لیے ’نسک ‘ پورٹل کے ذریعے عمرہ پرمٹ کا اجرا 29 اپریل سے دس جون تک بند رہے گا۔






















