پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کی تاریخ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے بیٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز کا اسکور بنایا جس کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ٹیم 136 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پشاور زلمی کے 6 کھلاڑی رنز کا کھاتہ نہ کھول سکے جبکہ کپتان بابر اعظم بھی ناکام ہوئے اور بغیرکوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کی گیند پر بابر اعظم کیچ آؤٹ ہوئے اور وکٹ گنوانے کے ساتھ ساتھ انہوں نے ناپسندیدہ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔
بابر اعظم لیگ کی تاریخ میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے بیٹرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔
اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم 12 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوکر فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر وہاب ریاض ہیں جو 10 مرتبہ بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ہیں۔
بابر اعظم اور کامران اکمل 8 مرتبہ ڈک پر پویلین لوٹ ہیں جبکہ شاہین آفریدی 7 مرتبہ بغیر کوئی سکور کیے آؤٹ ہوئے۔