قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اپیل کی ہے کہ چیف جسٹس سے کہتا ہوں اپنے احکامات پر عمل کروائیں ورنہ آپ کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔
جمرات کے روز اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب خان کا کہنا تھا کہ آج جیل مینوئل، آئین پاکستان اور عدالتی احکامات کی دھجیاں اڑ رہی ہیں، جیل انتظامیہ کو بھجوائے گئے ناموں کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی، پولیس اہلکار خود کو ریاست سے بڑا سمجھنے لگے ہیں، چیف جسٹس سے پھر کہتا ہوں اپنے احکاماتِ پر عمل کروائیں ورنہ آپ کی کوئی حیثیت نہیں رہے گی۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ہمارے نام جیل سپرنٹینڈنٹ کو آئے ہوئے تھے لیکن یہاں سٹاف کالج فیل کوئی افسر بیٹھا ہوا ہے، ہمارے پارٹی لیڈرز کو روکا گیا اور جیل کے اندر سے کہا گیا کہ سب کو اکٹھا ہونے دیں پھر اجازت دیں گے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایس پی صدر نے آئی جی پنجاب اور انٹیلیجنس افسران کے حکم پر توہین عدالت کی جبکہ اسسٹنٹ سپرٹینڈنٹ عمران ریاض اور ہیڈ محرر زبیر نے عدالتی احکامات وصول کرنے سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جیل عملہ نے بتایا کہ جیل سپرنٹینڈنٹ کے احکامات ہیں کہ ہم نے کوئی آرڈر وصول نہیں کرنے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو یہاں زدوکوب کیا گیا، حامد رضا، شفقت اعوان، طیبہ راجہ اور عالیہ حمزہ کو یہاں سے گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس اپنے احکامات پر عمل درآمد کروائیں، پولیس افسران آپ کے احکامات کو بوٹ کی نوک پر رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مذاکرات کی باتیں کی جاتی ہیں کیا شہباز شریف اور مریم نواز سے مذاکرات کریں یا وزیر اعلیٰ بلوچستان سے مذاکرات کریں آخر ان کے پلے کیا ہے؟
نیاز اللہ نیازی کی گفتگو
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے فوکل پرسن نیاز اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی، ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ عدالتی فیصلے اور فہرست کے مطابق ملاقاتیں کرائی جائیں۔
نیاز اللہ نیازی کا مزید کہنا تھا کہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور جیل انتظامیہ ملاقات کی اجازت نہیں دے رہی، آج پانچ رہنماں نے ملاقات کرنی تھی ہم دن میں ساڑھے بارہ بجے ہی یہاں پہنچ گئے تھے، علامہ راجہ ناصر عباس۔ احمد بچھر اور حامد رضا کو چوکی انچارج نے اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے آج ملکی صورتحال پر خیبر پختونخوا کے مائنز اینڈ منرلز بل کے حوالے سے ہدایت لینی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی کی بہنوں کی ملاقات کے حوالے سے انسدادِ دہشتگردی عدالت نے بھی آج حکم دیا لیکن ان فیصلوں کی بے توقیری کی گئی، پاکستان بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑا ہے۔