کراچی میں دندناتے ڈمپرز سے ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ کراچی میں ہیوی ٹریفک نے مزید 4 زندگیاں نگل لیں۔
کراچی میں دندناتے ڈمپرز شہریوں کوروندنے لگے، پاورہاؤس چورنگی کے قریب ڈمپرکی ٹکرسے موٹرسائیکل سوارزخمی ہوا توعوام کا پارہ ہائی ہوگیا۔ مشتعل افراد نے 5 ڈمپرز جبکہ فور کے چورنگی اور بابا موڑ کے قریب 4 واٹرٹینکرز کو آگ لگادی۔ عینی شاہد کے مطابق کم عمر ڈمپر ڈرائیورریس لگارہا تھا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اورفائربریگیڈ کا عملہ موقع پرپہنچا اورگاڑیوں میں لگی آگ پرقابوپایا۔ واقعے کے خلاف ڈمپرڈرائیورز نے سہراب گوٹھ کے قریب احتجاج کیا۔
سڑک پرکچرا پھینک کرسڑک بلاک کردی۔ جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، صدر ڈمپرایسوسی ایشن نے گاڑیاں جلانے والوں کو فوری گرفتارکرنے کا مطالبہ کردیا۔ کامیاب مذاکرات کے ڈمپرڈرائیورز نے احتجاج ختم کردیا، جس کے بعد ایم نائن موٹروے کے دونوں ٹریک کوٹریفک کےلیے کھول دیا گیا۔
وزیرداخلہ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئےگاڑیاں جلانےوالے افراد کیخلاف فوری کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ پولیس نے مختلف علاقوں سے متعدد افراد کوگرفتارکرلیا۔
دوسری جانب کراچی میں لانڈھی اور کورنگی میں ٹریلر کی ٹکر سے دو افراد جان سے گئے۔ سائٹ سپر ہائی وے پر تیز رفتار بس بچے پر چڑھ دوڑی ۔ شیرشاہ میں گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ رواں سال کے دوران ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 257 ہوگئی۔