کوئٹہ میں مستونگ روڈ پر نیو سریاب میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرلیے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔ شہید ہونے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق، پولیس اہلکار چائے پی رہے تھے جب دہشت گرد موٹر سائیکل پر سوار ہو کر آئے اور فائرنگ شروع کر دی۔ دہشت گردوں کے حملے کے فوراً بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
دوسری جانب، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردوں کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ریاست کمزور نہیں ہے اور دشمنوں کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔