امریکی محکمہ خارجہ کے جنوبی اور وسطی ایشیائی امور کے بیورو کے سینئر عہدیدار ایرک میئر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے 8 اور 9 اپریل 2025 کو پاکستان کا دورہ کیا جس کے دوران معدنیات، معیشت اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
امریکی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کے معدنیات کے شعبے میں امریکی مفادات اور کاروباری مواقع کو فروغ دینا تھا۔
ایرک میئر نے اپنے دورے کے دوران پاکستان میں معدنیات کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ معدنیات جدید ٹیکنالوجی کے لیے ضروری خام مال ہیں۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے بتایا کہ خام مال کے ذرائع کو محفوظ بنانا ہماری اسٹریٹجک ترجیح ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے وسیع معدنی وسائل کا ذمہ داری اور شفافیت کے ساتھ استعمال دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی سفارتخانے کے مطابق وفد نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور انسداد دہشت گردی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔
ایرک میئر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ معدنیات کے شعبے میں تعاون جاری رکھے گا تاکہ باہمی مفادات کو تقویت ملے۔
دورے کے دوران ایرک میئر نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور وزیرداخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقاتیں بھی کیں جبکہ ان ملاقاتوں میں معاشی اور سیکیورٹی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
امریکی سفارتخانے نے اس دورے کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے ایک نئے مرحلے کا آغاز قرار دیا۔