وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں گندم کی خریداری کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں گندم کے مناسب نرخوں پر خریداری کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اجلاس کی صدارت وزیر زراعت پنجاب سید عاشق کرمانی نے کی جبکہ معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ، سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو اور سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کماڈیٹیز مینجمنٹ محمد اجمل بھٹی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کسانوں کو گندم کی فصل کے بہترین نرخ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دیا جا سکے۔
اس موقع پر معاون خصوصی سلمیٰ بٹ نے واضح کیا کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں، اور حکومت پرائس کنٹرول کے ساتھ ساتھ مارکیٹ میں توازن کو برقرار رکھنے کے لیے بھی متحرک کردار ادا کر رہی ہے۔