ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ نے لاہور میں زہریلی شراب کی بڑی کھیپ برآمد کرکے شہر کو ممکنہ بڑے نقصان سے بچا لیا۔
عید کے موقع پر جعلی اور زہریلی شراب کی فروخت روکنے کے لیے بنائی گئی خصوصی ٹیم نے انسپکٹر قمر شاہ کی سربراہی میں کارروائی کی اور پہلے ہی روز 840 لیٹر شراب اور 1600 بوتلیں ضبط کر لیں۔
ایکسائز حکام کے مطابق شفقت سٹی شیخوپورہ کے ایک گودام پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے شراب کے کین، بوتلیں اور پیکنگ کا سامان برآمد کیا گیا۔
اس کارروائی میں 6 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کی شناخت محمد عمران، محمد اویس، ناصر عباس، محمد محسن، محمد بلال اور شفیق کوڈو کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ شراب عید کے موقع پر شہر میں فروخت کی جانی تھی جو زہریلی ہونے کی وجہ سے بڑی تعداد میں ہلاکتوں کا سبب بن سکتی تھی۔
برآمد شدہ شراب اور ملزمان کے خلاف تھانہ فیکٹری ایریا میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔