نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف فوک اینڈ ٹریڈیشنل ہیریٹیج (لوک ورثہ) کے زیر اہتمام 26 مارچ 2025 کو پاکستان میوزیم آف ایتھنالوجی ہال آف ایگزیبیشن میں ایک خصوصی پینٹنگ مقابلہ منعقد کیا گیا۔ اس مقابلے کا مقصد جعفر ایکسپریس حادثے کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور نوجوان فنکاروں کو اپنے جذبات کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا۔
اس مقابلے میں جڑواں شہروں کی یونیورسٹیوں اور کالجوں کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی اور بہادری، یکجہتی اور قومی فخر جیسے موضوعات پر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا اظہار کیا۔
لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مظفر علی برکی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فن کے ذریعے قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے اور ثقافتی یکجہتی کو فروغ دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔
مقابلے کا دوسرا مرحلہ عید کی تعطیلات کے بعد منعقد کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد نہ صرف پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا اور فروغ دینا ہے بلکہ جدید مسائل کو تخلیقی طریقوں سے حل کرنے کے لیے بھی راہ ہموار کرنا ہے۔ لوک ورثہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔