وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر دہشتگردی کے واقعے پر پروپیگنڈا کیا۔ حملے کا کریڈٹ دہشت گردوں کو دیا۔ یہ لوگ شہداء کی توہین کرتے ہیں ۔ تحریک انصاف اقتدار کی جنگ لڑسکتی ہے لیکن ملک کی نہیں۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا نے بولان واقعہ کو جس طرح پیش کیا وہ سب نے پڑھا، فوج کی کامیابی کے بجائے کہا گیا دہشتگردوں نے لوگوں کوخود چھوڑ دیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ باہر بیٹھے بھگوڑوں کا نام لے کر ہاؤس کا تقدس مجروح کیوں کروں؟ ان میں اتنی جرات نہیں کہ یہاں آکر قانون کا سامنا کرسکیں، سیکیورٹی فورسزنےواقعہ میں ملوث دہشتگردوں کامکمل صفایا کیا، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں یہ بڑا سنگ میل ہے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ جعفرایکسپریس واقعہ میں بہت اموات ہوسکتی تھیں، سیکیورٹی فورسز نے بڑی اموات سے بچایا، دہشتگردی کیخلاف قوم افواج کےساتھ کھڑی رہے تو ہم فاتح ہوں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کل ایسے لوگوں نے فارم47کا طعنہ دیا جو تینوں مارشل لاکی پیداوار ہیں، لیگی رہنما نے کہا کہ جمہوریت کاسبق وہ دیں جنہوں نےاس کیلئے قربانیاں دی ہیں۔ ایک مارشل لاحکومت سے ہماراتعلق رہا،کئی بارایوان میں اس پرمعذرت کی، آج بھی مارشل لاء حکومت سے تعلق پر معذرت کرتا ہوں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر نے تقریرمیں ہماری قیادت اور صدرمملکت پر حملہ کیا، ہرچیز کو غیرقانونی کہا گیا،اسپیکر،وزیراعظم، صدر کو غیرقانونی کہا گیا، یہ سارے اپنے ماضی کی طرف نظر دوڑائیں، بیرسٹرگوہر بھی ہجرت کرکے اس پارٹی میں آئے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں بڑی پریشانی تھی سیکڑوں کے حساب سے لوگ یرغمال بنائےگئے تھے، بے دردی کے ساتھ لوگوں کو شہید کیا جارہا تھا، ہماری پاک فوج نے جو کردار ادا کیا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ جو شہید ہوئے ان کا بہت دکھ ہے۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ کوئی انٹیلیجنس رپورٹ کو میٍڈیا میں شئیر نہیں کروں گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ ختم نہیں ہوئی، جب تک دہشتگردی ختم نہیں ہوتی دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے، ابھی کسی مزید آپریشن کا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، امکان ہے کہ آپریشن کیا جائے گا آپشن ابھی اوپن ہے۔