وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر میو اسپتال کو ادویات کی خریداری کیلئے فنڈز جاری کردیے گئے۔ فنانس ڈیپارٹمنٹ نے پے اینڈ الاونس فنڈزازسرنو مختص کرنے کا حکمنامہ جاری کردیا۔
وزارت خزانہ پنجاب نے مریم نواز کی ہدایت پر 340 ملین روپے میڈیسن خریداری کے لئے دیئے گئے، خالی آسامیوں اورالاؤنس کے فنڈزادویات خریداری کیلئے استعمال کی اجازت دیدی گئی۔ اسپتال کے بجٹ میں اضافی فنڈز میسر ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لائے گئے۔
واضح رہے کہ لاہور کے میو اسپتال میں اچانک دورے کے دوران ادویات کی عدم فراہمی پر وزیراعلیٰ پنجاب نے ایم ایس کو عہدے سے ہٹادیا، مریم نواز نے مریضوں کی شکایات اور صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا بھی اظہار کیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے میو اسپتال کے اچانک دورہ کیا، اس موقع پر ادویات کی عدم فراہمی کا انکشاف ہوا، ایم ایس کوعہدے سے ہٹاتے ہوئے ادویات کی 100 فیصد فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایم ایس سے سوال کیا کہ ادویات کیوں دستیاب نہیں، جواب ملا کہ ادویات ساز کمپنیوں کے بلز کلئیر نہیں ہوسکے، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فوری واجبات کی ادائیگی کیلئے اقدامات کا حکم دیدیا اور ساتھ ہی ایم ایس میو اسپتال کو فوری عہدے سے ہٹادیا۔
وزیراعلیٰ بولیں شکر کریں آپ کو گرفتار نہیں کروا رہی، میو اسپتال میں زیر علاج مریضوں اور لواحقین نے سرنج تک نہ ملنے کی شکایات کیں، مریم نواز نے کارڈیالوجی میں کیڑوں کی موجودگی کی شکایت پر برہمی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہری علاج کی توقع لیکر اسپتال آتے ہیں، کس وارڈ میں کیا ہورہا ہے انتظامیہ لاعلم ہے، جو عوام کے ساتھ ہورہا ہے ذمہ داروں کے اپنوں کے ساتھ ہو تو پتہ چلے۔
وزیراعلیٰ کی سرزنش کے بعد محکمہ صحت پنجاب میں میو اسپتال معاملے پر اعلیٰ سطح اجلاس ہوا، میو اسپتال کے ایم ایس کے ساتھ چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر احمد نعمان کو بھی معطل کرنے کی سفارش کی گئی۔