بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفیق الرحیم نے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 میں بغیر کسی جیت کے باہر ہونے کے بعد گزشتہ چند ہفتے میرے لیے بہت مشکل رہے۔
مشفیق الرحیم نے اپنے بیان میں کہا، "میں آج سے ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ ہماری عالمی سطح پر کامیابیاں محدود رہی ہوں، لیکن جب بھی میں اپنے ملک کے لیے میدان میں اترا، میں نے پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ 100 فیصد سے بھی زیادہ دینے کی کوشش کی۔"
مشفیق نے 2005 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا جبکہ ان کی ون ڈے اننگز کا آغاز 2006 میں ہوا۔ 2007 کے آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف 56 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر انہوں نے خود کو ایک بہترین کھلاڑی ثابت کیا ۔
مشفیق نے اپنے ون ڈے کیریئر میں کئی اعزازات حاصل کیے اور ٹیم کی قیادت بھی کی۔ وہ 274 میچز میں 7795 رنز بنا چکے ہیں، جن میں 9 سنچریاں اور 49 نصف سنچریاں شامل ہیں۔