ہالی وڈ کے نامور اداکار جین ہیکمین اور ان کی اہلیہ بیٹسی اراکوا کی گھر سے لاشیں برآمد ہوگئیں۔
امریکی ریاست نیو میکسیکو کی سانتا فی کاؤنٹی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ مشہور ہالی وڈ اداکار جین ہیکمین اور ان کی اہلیہ بیٹسی اراکوا کی لاشیں ان کے گھر سے برآمد ہوئی ہیں۔
95 سالہ جین ہیکمین اور 64 سالہ بیٹسی کے ہمراہ ان کے پالتو کتے کی لاش بھی ملی۔
پولیس کے مطابق 26 فروری کو دوپہر 1:45 بجے لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور ابھی تک دونوں کی موت کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔
پولیس کا خیال ہے کہ اس واقعے میں کسی تیسرے شخص کا عمل دخل نہیں ہے تاہم تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جین ہیکمین نے اپنے چھ دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر میں دو اکیڈمی ایوارڈز ( آسکر) اپنے نام کیے جبکہ انہیں "دی فرنچ کنکشن"، "ان فورگیون"، "دی فرم" اور "Hoosiers" جیسی فلموں میں شاندار اداکاری کے لیے شہرت حاصل تھی۔
انہوں نے 1971 میں "دی فرنچ کنکشن" سے اپنا پہلا آسکر جیتا جبکہ 1992 میں "ان فورگیون" میں ایک پرتشدد شیرف کے کردار نے انہیں دوسرا آسکر دلایا۔
1974 کی فلم "The Conversation" نے بھی خوب داد سمیٹی لیکن اس بار وہ ایوارڈ نہ جیت سکے۔
2004 میں 74 سال کی عمر میں انہوں نے فلم انڈسٹری سے ریٹائرمنٹ لے لی اور سانتا فی میں سکونت اختیار کی جہاں وہ عوامی زندگی سے دور رہے۔
جین ہیکمین کے تین بچے ہیں جو ان کی پہلی اہلیہ سے تھے جن کا انتقال 2017 میں ہوا تھا۔
ان کی موت نے مداحوں کو صدمے میں ڈال دیا ہے اور پولیس اس معاملے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے سرگرم ہے۔






















