لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ ( اے ایم ایل ) شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے خلاف پٹیشن نمٹا دی۔
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے خلاف پٹیشن پر سماعت کی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہوئے اور بیان دیا کہ سی پی او راولپنڈی اور دیگر پولیس افسران میرے ملزم ہیں اور میری گرفتاری میں ان کے چہرے شامل ہیں لیکن، میں فی سبیل اللہ انہیں معاف کرتا ہوں۔
شیخ رشید احمد کے بیان پر عدالت نے ان کی گرفتاری کے خلاف دائر پٹیشن نمٹا دی۔
بعدازاں، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر نے بتایا کہ آج عدالت میں میری گرفتاری پرسماعت ہوئی اور اس حوالے سے پٹیشن میں جو کچھ لکھا تھا وہ بالکل درست ہے۔
راولپنڈی :سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد لاہور ہائیکورٹ پنڈی بنچ میں میڈیا سے بات کرتے ہوۓ pic.twitter.com/rJiYAW1yMc
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) October 27, 2023
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سارا کام راولپنڈی پولیس نے کیا ہے، انہوں نے نابالغ بچوں کو بھی معاف نہیں کیا، میری گرفتاری کے پیچھے سی پی او کا چہرہ چھپا ہے، گرفتار مجھے پولیس نے کیا لیکن بدنام دوسرے لوگوں کو کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے گھر کے ملازمین خواتین بچوں تک کو نہیں چھوڑا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ 30 تاریخ کو لال حویلی کا اہم کیس ہے، اس دن میں تفصیلی آپ سے بات کروں گا، ’ میں نے اللہ کی رضا کے لئے ان سب کو معاف کر دیا ہے ‘۔