پاکستان کے معروف اسلامی بینک فیصل بینک لمیٹڈ (ایف بی ایل) نے اسپیشل اولمپکس پاکستان (ایس او پی) کے اشتراک سے لاہور میں ”پہلے فیصل بینک ایس او پی یونیفائیڈ میراتھن 2025ء“ کا انعقاد کیا۔
اس تقریب میں معاشرے کے مختلف طبقوں بشمول تمام عمر کے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد، مشہور شخصیات، سرکاری عہدیداروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔ ایونٹ خصوصی افراد (پی ڈبلیو ڈیز) کی معاشرتی شمولیت کو فروغ دینے کے حوالے سے پاکستان کا اہم پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ اسپیشل اولمپکس پاکستان نے اس میراتھن کو پنجاب کے صوبائی دارالحکومت تک وسعت دی ہے۔ یہ توسیع شمولیت اور تنوع کے لیے بڑھتی ہوئی قومی وابستگی کو ظاہر کرتی ہے، جس میں فیصل بینک مرکزی اسپانسر کی حیثیت سے پیش پیش ہے۔
فیصل بینک کے صدر اور سی ای او یوسف حسین نے کہا، ” لاہور کی خوشگوار فضا اور کھیلوں کا جذبہ اسے فیصل بینک ایس او پی یونیفائیڈ میراتھن کے لیے بہترین پس منظر فراہم کرتا ہے۔ یہ تقریب ثابت قدمی، شمولیت اور ٹیم ورک کی اقدار کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ وہ اصول ہیں جو فیصل بینک کے بنیادی نظریات سے گہری مطابقت رکھتے ہیں۔ اس اقدام کی حمایت کرتے ہوئے ہم ایک زیادہ متحد اور بااختیار معاشرے کو فروغ دینے کے اپنے عزم کو دوہراتے ہیں۔ فیصل بینک مستقبل میں بھی ایسے پلیٹ فارمز سے تعاون جاری رکھے گا جو ہمت کو پروان چڑھاتے ہیں اور سب کے لیے مساوی مواقع پیدا کرتے ہیں۔ “
اسپیشل اولمپکس پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی نے کہا، ”ہم فیصل بینک کے غیر متزلزل تعاون اور شراکت داری کے شکرگزار ہیں، جس کی بدولت پہلی بار یونیفائیڈ میراتھن لاہور میں منعقد ہو رہی ہے۔ ہمارا مقصد یہ ظاہر کرنا ہے کہ شمولیت جغرافیائی حدود سے آزاد ہوتی ہے اور ٹیلنٹ کو قابلیت اور ہمدردی کی بنیاد پر ترجیح دیا جانا چاہیے۔ میراتھن میں لاہورکی کمیونیٹیز کا جوش و جذبہ اور شرکت بے مثال رہی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنے تمام شہریوں کو گلے لگانے کے لیے تیار ہے۔ ہم آنے والے برسوں میں اس کا دائرہ مزید بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔“
کارپوریٹ سماجی ذمہ داری اقدامات کے ایک حصے کے طور پر اور اسٹیٹ بینک کی خصوصی افراد کی مالی شمولیت کی مہم کی بھرپور حمایت میں فیصل بینک نے مالیاتی شعبے سمیت دیگر شعبوں میں تنوع، مساوات اور شمولیت (ڈی ای آئی) کے مقصد کی مسلسل حمایت کی ہے، اور یہ عمل جاری رکھتے ہوئے ہم خیال اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہے، تاکہ معاشرے میں فلاح و بہبود کو فروغ ملے۔